Friday, 17 April 2015

انٹرایکٹو قرآن فہمی کورس ۔ ایک تعارف

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اکثر بھائیوں اور بہنوں کی خواہش تھی کہ ہم قرآن فہمی کورس کے مقاصد اور تفصیل پر بات کریں۔ دراصل قرآن پر غور کرنے کے کئی طریقے ہیں اور ان تمام طریقوں پر بہت کچھ لکھا جاچکا ہے۔ البتہ ایک طریقہ یہ تھا کہ قرآن کو گروپ ڈسکشن کی صورت میں پڑھا جائے۔ اس گروپ کی خصوصیات یہ ہوں کہ اس میں نہ صرف عربی زبان، فقہ ، تاریخ ، تفسیر دیگر دینی علوم کے عالم موجود ہوں بلکہ جدید تعلیم یافتہ پڑھے لکھے افراد بھی ہوں۔ اس طرح وہ تمام اشکالات جو ایک عام جدید تعلیم یافتہ ذہن میں پیدا ہوسکتے ہیں ان پر سیر حاصل گفتگو کی جائے۔
الحمدللہ، آئی ایس پی کے فورم میں یہ ساری خصوصیات بدرجہ اتم موجود ہیں۔ چنانچہ آئی ایس پی میں ہم نے انٹرایکٹو قرآن فہمی کورس کا آغاز کیا ہے۔ اس کورس میں چند مخصوص لوگوں کا گروپ متعین قرآنی آیات پر مختلف طریقوں سے اپنی آرا پیش کرے گا ۔ اسی دوران ان آراء پر اٹھنے والے سوالات واعتراضات کو ڈسکس کیا جائے گا اور آخر میں اس کا خلاصہ پیش کردیا جائے گا۔ جب ایک ڈسکشن مکمل ہوجائے گی تو اسے ویب سائٹ اور فیس بک پر پبلک کے لئے عام کردیا جائے گا۔ اس کے بعد ایک اور موضوع کا آغاز ہوگا۔
اس پروگرام میں قرآن کی تمام آیات کو ڈسکس کرنے کی بجائے قرآن کے وہ موضوعات زیر بحث لائے جائیں گے جو آج کل ایک پڑھے لکھے طبقہ کے لئے مسئلہ ہیں۔ ان میں ذات باری تعالیٰ کا وجود، رسالت، آخرت، خیر و شر، تقدیر، ایمان بالغیب، تقوی اور اس طرح کے دیگر اہم امور کو زیر بحث لایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ تفسیر کے کچھ ایسے اصول بیان کئے جائیں گے جس سے ایک عام شخص یہ جان سکے کہ قرآن کا اصل مدعا کیا ہے۔ اسی طرح تزکیہ نفس اور عمل صالح کے پہلو کو بھی اجاگر کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
ہم اللہ سے دعاگو ہیں کہ اللہ ہماری راہنمائی فرمائیں اور قدم قدم پر اپنی نصرت نصیب فرمائیں ۔ آمین
پروفیسر محمد عقیل

No comments:

Post a Comment